نئی دہلی،2؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس کی تیسری لہر کے درمیان مرکزی وزارت صحت نے ملک کی مختلف ریاستوں کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 تا 18 سال کے تمام نوعمروں کو جلد از جلد ویکسین کی دوسری خوراک لگائی جائے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ نوعمروں کو بروقت ویکسین کی خوراک لگائی جانی ضروری ہے لہذا، تمام بنیادی سہولیات کی تیزی سے درست کیا جائے۔
ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن کی طرف سے جاری کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ 15 تا 18 سال کے نوعمروں کو ’کوویکسین‘ کی خوراک لگائی جا رہی ہے اور اس کی پہلی اور دوسری خوراک کے درمیان 28 دن کا وقفہ ہونا چاہئے۔ اس طرح جن نوعمروں نے 3 جنوری کو ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی تھی، وہ 31 جنوری سے دوسری خوراک لینے کے اہل ہو گئے ہیں۔ کورانا کے خلاف 'جنگ' جیتنے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں مقررہ وقت کے اندر لگوانا ضروری ہے۔
دریں اثنا، ملک میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے جوکہ ایک بہتر علامت ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے نئے کیسز میں 3.4 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 161386 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس دوران 1733 لوگ کورونا انفیکشن کی وجہ سے اپنی جان سے گنوا بیٹھے۔ اموات کی تعداد میں کیرالہ میں بیک لاگ کی 1063 اموات بھی شامل ہیں۔